تلگو دیشم پارٹی جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں مقابلہ نہیں کرے گی

   

تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے قائدین سے مشاورت کے بعد پارٹی سربراہ چندرا بابو نائیڈو کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سربراہ تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں مقابلہ نہ کرنے اور نا ہی کسی دوسری پارٹی کی تائید کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کے قائدین کو تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کے لیے سرگرم ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ منگل کو آندھرا پردیش کے امراوتی چیف منسٹر کیمپ آفس پر چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ تلگو دیشم قائدین سے ملاقات کی ۔ سربراہ تلگو دیشم سے ملاقات کرنے والوں میں تلنگانہ کے مختلف اضلاع کی نمائندگی کرنے والے تلگو دیشم کے قائدین موجود تھے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین سے تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ واضح رہے کہ تلگو دیشم پارٹی نے تلنگانہ میں اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا ۔ آندھرا پردیش میں بی جے پی اور جناسینا سے اتحاد کرتے ہوئے مخلوط حکومت تشکیل دینے کے بعد اب اپنی ساری توجہ تلنگانہ پر مرکوز کردی ہے ۔ اسی تناظر میں جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب اور مقامی اداروں کے انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے پارٹی کے قائدین کو آندھرا پردیش طلب کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا ۔ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے پارٹی تیار نہ ہونے کا متفقہ فیصلہ رہنے کے بعد انتخاب سے دور کانگریس اور بی آر ایس میں کسی بھی پارٹی کی تائید نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ آندھرا پردیش میں بی جے پی سے اتحاد ہے لہذا اگر بی جے پی کی جانب سے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں تلگو دیشم سے تائید طلب کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا تلگو دیشم قائدین کو مشورہ دیا ۔ بصورت دیگر ضمنی انتخاب سے دوری اختیار کرنے کی پارٹی کے قائدین کو ہدایت دی ۔۔ 2