تلگو ریاستوں میں کونسل کی 10 نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

   

3 مارچ سے پرچہ جات نامزدگی کا ادخال، 20 مارچ کو رائے دہی، تلنگانہ میں کانگریس کو 4 اور بی آر ایس کو ایک نشست کا امکان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلگو ریاستوں کی ایم ایل اے کوٹہ کی 10 ایم ایل سی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔ تلنگانہ میں 5 اور آندھراپردیش میں 5 ارکان کونسل کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔ الیکشن کمیشن سے جاری شیڈول کے مطابق 3 مارچ کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور اسی دن سے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ پرچہ جات نامزدگی 10 مارچ تک داخل کئے جاسکتے ہیں ۔ پرچہ جات کی جانچ 11 مارچ کو ہوگی اور 13 مارچ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 20 مارچ کو صبح 9 تا سہ پہر 4 بجے منعقد ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان 20 مارچ کو ہوگا۔ 24 مارچ تک انتخابی مرحلہ کی تکمیل کرلی جائیگی ۔ تلنگانہ میں جن 5 ارکان کونسل کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے ، ان میں محمد محمود علی ، ستیہ وتی راتھوڑ، ایس سبھاش ریڈی ، وائی ملیش و مرزا ریاض الحسن آفندی شامل ہیں ۔ آندھراپردیش میں جے کرشنا مورتی ، ڈی راما راؤ ، پی اشوک بابو ، بی تروملا نائیڈو اور وائی رام کرشنوڈو کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہوگی۔ تلگو ریاستوں میں کانگریس اور این ڈی اے حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی مرتبہ ایم ایل اے کوٹہ کی نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں ۔ تلنگانہ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس کو 4 اور بی آر ایس کو ایک نشست پر کامیابی مل سکتی ہے۔ الیکشن شیڈول کی اجرائی کے بعد برسر اقتدار پارٹی میںکونسل کی نشست کے دعویداروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ سے محروم بعض قائدین کو ہائی کمان نے کونسل کی نشست کا وعدہ کیا تھا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کونسل کی 4 نشست پر سماجی انصاف کے مطابق مختلف طبقات کو نمائندگی کے حق میں ہیں۔ بی آر ایس دور حکومت میں مجلس کو ایک نشست الاٹ کی گئی تھی ، تاہم اس مرتبہ کانگریس کی جانب سے مجلس کو نشست الاٹ کرنے کے مسئلہ پر صورتحال واضح نہیں ہے۔ 2023 اسمبلی انتخابات تک مجلس اس وقت کی برسر اقتدار بی آر ایس کی حلیف تھی لیکن اقتدار کی تبدیلی کے بعد مجلس نے کانگریس سے دوستی کرلی ہے ۔ اب جبکہ حکومت کی تشکیل کو صرف ایک سال مکمل ہوا ہے ، کانگریس پارٹی میں عہدہ کے دعویداروں کی تعداد زیادہ ہے۔ ایسے میں مجلس کو کونسل کی ایک نشست الاٹ کرنا غیر یقینی دکھائی دے رہا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کانگریس ہائی کمان نے 4 ایم ایل سی نشستوں میں مسلم اقلیت، بی سی ، ایس ٹی اور او سی طبقات کو نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ریاستی کابینہ کی توسیع میں کونسل کے دو ارکان کو شامل کیا جائے گا۔1