تلگو یونیورسٹی کو کمیونسٹ رہنما سوراورم پرتاپ ریڈی سے موسوم کرنے کا فیصلہ

   

اسمبلی میں چیف منسٹر کا اعلان، ایس سدھاکر ریڈی کے مکتوب پر مثبت ردعمل
حیدرآباد 2 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلگو یونیورسٹی کے نام کو مشہور کمیونسٹ رہنما سوراورم پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کرنے کا تیقن دیا اور کہاکہ اگر تلنگانہ کی تمام اپوزیشن پارٹیاں اِس فیصلے کی تائید کریں تو پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کا نام سوراورم پرتاپ ریڈی تلگو یونیورسٹی رکھا جائے گا۔ اسمبلی میں سرکاری محکمہ جات میں تقررات سے متعلق بل پر مباحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ سی پی آئی کے سرکردہ قائد سوراورم سدھاکر ریڈی نے اُنھیں ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ مسلح جدوجہد میں اہم رول ادا کرنے والے مجاہد آزادی اور گولکنڈہ پتریکا کے ایڈیٹر سوراورم پرتاپ ریڈی کے نام سے تلگو یونیورسٹی کو موسوم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نام کی تبدیلی پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اُنھیں اِس سلسلہ میں ایوان کی منظوری درکار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق میں تلنگانہ کی عظیم شخصیتوں کے ناموں کو اہم اداروں سے موسوم کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سی پی آئی کے رکن سامبا سیوا راؤ نے ایوان میں چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ایس سدھاکر ریڈی کا مکتوب حوالے کیا۔ چیف منسٹر نے فوری ایوان میں مکتوب کا حوالہ دیتے ہوئے نام کی تبدیلی کا اشارہ دیا ہے۔ بی آر ایس کے رکن کے ٹی آر نے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے تلگو یونیورسٹی کو پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن یونیورسٹی کی دونوں ریاستوں میں عدم تقسیم کے نتیجہ میں یہ ممکن نہ ہوسکا۔ اب جبکہ مشترکہ اثاثہ جات کی تقسیم مکمل ہوچکی ہے لہذا ریاستی حکومت تلگو یونیورسٹی کا نام سوراورم پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کرسکتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کالوجی نارائن راؤ، پروفیسر جئے شنکر، کونڈہ لکشمن باپوجی اور دیگر شخصیتوں کے نام پر ادارے موسوم کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ بشیر باغ پریس کلب میں واقع سوراورم پرتاپ ریڈی ہال کی تزئین نو کیلئے بی آر ایس حکومت نے 5 کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ سی پی آئی کے سامبا سیوا راؤ اور دیگر ارکان نے حکومت کے فیصلے کی تائید کی۔ سی پی آئی رکن سامبا سیوا راؤ نے چیف منسٹر کے بروقت اقدام پر اظہار تشکر کیا۔ 1