تمام سیاسی جماعتوں کا دوہرا رویہ انتہائی افسوسناک :سپریم کورٹ

   

نئی دہلی، 7 مئی (یواین آئی ) سپریم کورٹ نے ملک کے سیاسی نظام اور اقتدار کے بدلتے ہوئے رویوں پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے اسے ‘انتہائی افسوسناک’ قرار دیا ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیاسی جماعتیں جب اپوزیشن میں ہوتی ہیں تو ایک آزاد الیکشن کمیشن کا مطالبہ کرتی ہیں لیکن اقتدار میں آتے ہی یا تو اس معاملے پر خاموشی اختیار کر لیتی ہیں یا پھر ان کا رویہ بالکل بدل جاتا ہے ۔جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس ستیش چندر شرما پر مشتمل بنچ نے جمعرات کے روز اس صورتحال پر دکھ کا اظہار کیا۔جسٹس دیپانکر دتہ نے کہا جو بھی اقتدار میں آتا ہے وہ وہی کام کرتا ہے (جس کی وہ پہلے مخالفت کرتا تھا)۔ یہ ملک کیلئے بدقسمتی ہے ۔ انہوں نے ایک رکن پارلیمنٹ کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں ‘غیر منتخب لوگوں کی آمریت’ کا ذکر کیا گیا تھا اور کہا کہ اسے ‘منتخب لوگوں کی آمریت’ کے برابر سمجھا جانا چاہیے ۔جسٹس ستیش چندر شرما نے اس صورتحال کو اکثریت کی آمریت سے تعبیر کیا۔یہ مشاہدات غیر سرکاری تنظیم (این جی او) ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی جانب سے دائر کردہ ایک درخواست کی سماعت کے دوران سامنے آئے ۔