جگتیال میں کلکٹریٹ اور ٹی آر ایس آفس کا افتتاح، میڈیکل کالج بلڈنگ کا سنگ بنیاد
حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج جگتیال کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی پروگراموں کا آغاز کیا۔ چیف منسٹر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ جگتیال پہنچے اور عصری سہولتوں سے آراستہ ضلع کلکٹریٹ کی عمارت کا افتتاح کیا۔ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس پارٹی کے نئے آفس کا افتتاح انجام دیا۔ بعد میں انہوں نے جگتیال میڈیکل کالج کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ چیف منسٹر نے ضلع کے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیمات کا جائزہ لیا۔ کلکٹریٹ کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل کے وقت بجٹ 62 ہزار کروڑ تھا جو آج بڑھ کر 2.20 لاکھ کروڑ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بہتر اور موثر حکمرانی کے ذریعہ فلاحی اسکیمات پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ابھی تک 14 کلکٹریٹس کی نئی عمارتیں تعمیر ہوچکی ہیں اور باقی اضلاع میں عنقریب تعمیری کام مکمل ہوجائیں گے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کئی مرتبہ میں عوام سے رجوع ہوا۔ سیاسی قائدین کی تحریک کی تائید میں ملازمین نے پن ڈاون ہڑتال کی تھی۔ علحدہ ریاست کی جدوجہد میں سرکاری ملازمین کا اہم رول ہے۔ تلنگانہ کو دولتمند ریاست میں تبدیل کیا گیا ہے۔ تمام طبقات کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سماج کے ہر طبقہ کی ترقی کیلئے اختلاف رائے کو پس پشت ڈال کر ترقیاتی کام انجام دیئے گئے۔ آبپاشی، برقی، پینے کے پانی اور دیگر شعبہ جات کے بحران پر قابو پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں نمبر ون ریاست ہے۔ ضلع کلکٹریٹ کے افتتاح سے قبل پولیس نے چیف منسٹر کو سلامی دی۔ چیف منسٹر نے کلکٹر روی کو ان کی نشست پر بٹھاکر مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے جگتیال میڈیکل کالج کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جو 27.08 ایکر اراضی پر تعمیر کی جائے گی۔ میڈیکل کالج کیلئے 1001 ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات کو منظوری دی گئی ہے۔ میڈیکل کالج کے ساتھ 330 بستروں کا ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء ہریش راؤ، کے ایشور، پرشانت ریڈی، ضلع سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ر