توانائی کی بچت پر ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو قومی سطح کے 6 ایوارڈس

   

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نئی دہلی میں ایوارڈ پیش کئے
حیدرآباد ۔14 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نیشنل انرجی کنزرویشن ڈے کے موقع پر نئی دہلی میں برقی کی بچت میں نمایاں رول ادا کرنے والے سرکاری محکمہ جات کو ایوارڈس پیش کئے ۔ صدر جمہوریہ نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو مختلف شعبہ جات میں برقی کی بچت پر سال 2022 ء کے 6 ایوارڈس پیش کئے۔ وگیان بھون میں منعقدہ تقریب میں مرکزی وزیر برقی آر کے سنگھ اور مرکزی مملکتی وزیر برقی کرشنا پال اور دوسرے شریک تھے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو برقی کی بچت میں پہلے اور دوسرے ایوارڈس سے نوازا گیا۔ پہلا انعام کاچیگوڑہ اسٹیشن کو ملا جسے شرد چندرائن ڈیویژنل ریلوے مینجر حیدرآباد ڈیویژن نے پی ڈی مشرا پرنسپل چیف الیکٹریکل انجنیئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ساتھ حاصل کیا۔ دوسرا انعام گنتکل ریلوے اسٹیشن کو ملا جسے کے وینکٹ رمنا ریڈی ڈیویژنل ریلوے مینجر گنتکل نے پی ڈی مشرا پرنسپل چیف الیکٹریکل انجنیئر کے ہمراہ حاصل کیا۔ کاچیگوڑہ اور گنتکل ریلوے اسٹیشنوں کے علاوہ راجمندری ریلوے اسٹیشن اورتنالی ریلوے اسٹیشن کو سرٹیفکٹ آف میرٹ عطا کیا گیا ۔ ریلوے ہاسپٹل گنتکل اور الیکٹرک ٹریکشن ٹریننگ سنٹرل وجئے واڑہ کو برقی کی بچت کیلئے سرٹیفکٹ آف میرٹ عطا کیا گیا ۔ ر

ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو برقی کی بچت کے معاملہ میں قومی اور ریاستی سطح کے ایوارڈس گزشتہ کئی برسوں سے حاصل ہورہے ہیں۔ جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین نے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ر