تھانے: بارش کے درمیان ایک گڑھے میں تقریباً آٹھ نوجوانوں کو پش اپ پوزیشن میں دیکھا گیا۔ سہارے کے لیے اپنے ہاتھ استعمال کرنے کے بجائے انہوں نے کیچڑ والی مٹی میں سر ٹکا دیا۔ ان کے پیچھے ایک آدمی لاٹھی پکڑے کھڑا تھا۔ اس کے بعد وہ ان سب کو ایک ایک کرکے مارتا ہے۔ اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیاپر وائر ہوگیاجس میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے ارکان تربیت میں شامل ہیں جن کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ممبئی سے ملحق تھانے کے باندوڈکر کالج میں این سی سی ٹریننگ کے دوران پیش آیا۔ ویڈیو میں چھڑی پکڑے شخص کی شناخت ایک سینئر این سی سی کیڈٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ اس نے این سی سی کے کیڈٹس کو ان کی پیٹھ پر مارا کیونکہ وہ اپنی چیلنجنگ مشق کو انجام نہیں دے پا رہے تھے۔ مار پیٹ کی وجہ سے کچھ کیڈٹس کو روتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ کالج کی ایک طالبہ نے کھڑکی کے پیچھے سے یہ ویڈیو بنائی۔ کالج کی پرنسپل سچترا نائک نے کہا کہ انہوں نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے رویہ کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر طالب علم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔