پٹنہ :راشٹریہ جنتادل کے رکن کونسل قاری صہیب نے کہا کہ سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو نے بے روزگاری دور کرنے کے لئے جو اعتماد نوجوانوں میں قائم کیا تھا وہ یقینا اب ٹوٹ گیا ہے اس لیے کہ 17 ماہ کی عظیم اتحاد حکومت نے جو کارنامہ انجام دیا تھا وہ 17 سالہ حکومت میں نہیں ہوسکا ۔قاری صہیب نے کہا کہ بی جے پی دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن ہم نے روزگار فراہم کرنے میں عالمی ریکارڈ بنایا ہے اتنی کم مدت میں اتنی ملازمتیں دنیا میں کہیں نہیں پیدا ہوئیں، 4 لاکھ لوگوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں، اس کے علاوہ ہم نے جب بھی اقلیتوں کے مسائل کو لیکر تیجسوی یادو کے سامنے اپنی بات رکھی اس پر سنجیدگی سے غور کیا گیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ معاون اردو مترجم کی تقرری میں جو رکاوٹیں حائل تھی اس دور کیا گیا اور اب جلد ہی تقرری کا عمل شروع ہوگا۔