چنڈی گڑھ : بی جے پی لیڈر تیجندر پال بگا کو بڑی راحت دیتے ہوئے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے ان کی گرفتاری پر 6 جولائی تک روک لگا دی ہے ۔عدالت نے بگا کی گرفتاری پر 6 جولائی تک روک لگا دی ہے اور انہیں تحقیقات میں شامل ہونے کو کہا ہے ۔ پولیس ان کے خلاف درج مقدمے میں دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کر سکتی ہے ۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 6 جولائی کو ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک ہائی وولٹیج ڈرامہ ہوا تھا جس میں تین ریاستوں کی پولیس آمنے سامنے تھی۔ بگا نے یکم جولائی کو موہالی پولیس اسٹیشن میں درج ایک کیس میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ کجریوال کیخلاف بیان دیا تھا۔ پولیس نے اسے پانچ نوٹس جاری کیے تاکہ وہ تفتیش میں شامل ہو۔ وہ نہیں آیا اور چھٹی اطلاع پر پولیس اسے دہلی میں اس کے گھر سے لے آئی، جس نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ الزام لگایا گیا کہ متعلقہ تھانے کو بتائے بغیر پنجاب پولیس بگا کو گھر سے لے گئی۔دہلی پولیس نے وائرلیس سے اطلاع دی تو ہریانہ پولیس نے پنجاب پولیس کے قافلے کو کروکشیتر میں روکا اور دہلی پولیس کے آنے تک انہیں پپلی تھانے میں بٹھا دیا۔ قانون کے مطابق بگا کو دہلی پولیس اپنے ساتھ لائی تھی۔