تیل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف یوپی کانگریس کا احتجاج

   

لکھنؤ: 21 اگست(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کی یوگی حکومت کے ذریعہ پٹرول اور ڈیژل پر لگائے گئے ویٹ میں اضافہ کے خلاف احتجاج کے طور پر یو پی کانگریس کے لیڈروں نے چہارشنبہ راجدھانی کی سڑکوں پر رکشا چلا کر اپنا احتجاج درج کرایا۔ اسمبلی میں کانگریس کے لیڈر اجے کمار للو اور دیگر لیڈروں نے تیل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے لئے ریاستی راجدھانی کے سڑکوں پر رکشا چلایا۔وہیں راجدھانی لکھنؤ سے منسلک ضلع بارہ بنکی میں منگل کو کانگریس کے لیڈروں نے بیل گاڑیوں کا جلوس نکال کر اپنا احتجاج درج کرایا تھا۔ اجے کمار للو نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ریاست کو خستہ حال نظم و نسق اور دیگر مسائل کا سامنا ہے لیکن بی جے پی حکومت کو عوامی مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔وہ صرف کابینہ کی توسیع کو اہمیت اور پٹرول و ڈیزل پر لگائے گئے ویٹ میں اضافہ کررہی ہے۔ ملحوظ ر ہے کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی ہدایت پر ریاست کے تمام 75 اضلاع میں کانگریس کارکنوں اپنا احتجاج درج کرایا۔پرینکا نے بھی ویٹ کے معاملے میں یوپی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے یوگی حکومت کے اس فیصلے کو‘غریب مخالف’ قرار دیا۔ قابل ذکر ہے کہ یوگی حکومت کے ذریعہ ویٹ میں اضافہ کرنے کے فیصلے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں فی لیٹر2.50 لیٹر اور ڈیزل کی قیمتوں میں 98 پیسوں کا اضافہ ہوا ہے ۔