تین راجدھانیوں کے مسئلہ پر اے پی اسمبلی میں ہنگامہ

   

تلگودیشم ارکان کو مارشلس کے ذریعہ باہر نکالنے اسپیکر سے جگن کی خواہش
حیدرآباد22جنوری(سیاست ڈاٹ کام)آندھراپردیش قانون سازاسمبلی میں چہارشنبہ کو گڑبڑ دیکھی گئی کیونکہ تلگودیشم کے ارکان پوڈیم کے قریب پہنچ گئے اور جئے امراوتی کے نعرے بلند کئے ۔تلگودیشم ارکان جو ریاست میں تین دارالحکومتوں کے قیام کی مخالفت کررہے ہیں،آج کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی اسپیکر کے پوڈیم کے قریب پہنچ گئے ۔یہ ارکان پوڈیم پر چڑھ گئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی۔اسپیکر ٹی سیتارام نے ان پر برہمی ظاہر کی اور بار بار ان سے خواہش کی کہ وہ اپنی کرسیوں پر واپس جائیں۔انہوں نے تلگودیشم ارکان سے کہا کہ وہ پیر سے اسمبلی کے خصوصی سیشن کی کارروائی کے آغاز سے ہی ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیداکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔اسپیکرنے سوال کیا [؟]یہ کیا ہے ؟کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ آپ کا گھر ہے ؟ اس موقع پر وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے اسپیکر سے خواہش کی کہ وہ مارشلس کو طلب کریں جس پر اسپیکر نے مارشلس کو طلب کیا اور ان سے خواہش کی کہ تلگودیشم کے ارکان اسمبلی کو ان کی نشستوں پر پہنچائے ۔بعد ازاں مارشلس نے ان احتجاجی ارکان کو ان کی نشستوں تک پہنچایا۔ایوان میں نظم کی برقراری کے بعد کارروائی دوبارہ شروع کردی گئی۔جگن موہن ریڈی نے کہا کہ پوڈیم تک جانا اور نعرے بازی کرنا ایوان کی توہین ہے ۔وزیراعلی نے کہاکہ حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی 151ہیں تاہم یہ تمام خاموش ہیں۔تلگودیشم ارکان حکمران جماعت کے ارکان کو مشتعل کررہے ہیں۔