تین لوک سبھا حلقوں کے امیدواروں کے اعلان میں تاخیر

   

کانگریس کیڈر الجھن کا شکار

حیدرآباد۔/21 اپریل، ( سیاست نیوز) کھمم ضلع میں کانگریس قائدین کی کشمکش نے تین لوک سبھا حلقہ جات کے امیدواروں کے اعلان میں تاخیر کیلئے ہائی کمان کو مجبور کردیا ہے۔ کانگریس نے تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں میں 14 حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جبکہ کھمم، کریم نگر اور حیدرآباد کیلئے امیدواروں کا اعلان ابھی باقی ہے۔ اب جبکہ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے تینوں لوک سبھا حلقوں میں پارٹی کیڈر الجھن کا شکار ہے۔ 25 اپریل پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تینوں حلقہ جات کے امیدواروں کے بارے میں ہائی کمان کو اپنی رائے سے واقف کرادیا ہے لیکن فہرست کی اجرائی میں ہائی کمان پس و پیش کررہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزراء بھٹی وکرامارکا، پی سرینواس ریڈی اور ٹی ناگیشور راؤ کے درمیان ٹکٹ کے مسئلہ پر جاری کشمکش ختم کرنے کیلئے ہائی کمان مساعی کررہا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے اپنی اہلیہ جبکہ دونوں وزراء اپنے بھائیوں کیلئے ٹکٹ کی مانگ کررہے ہیں۔ ہائی کمان تینوں وزراء میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اگر تینوں راضی نہ ہوں تو ممکن ہے کہ کسی چوتھے شخص کو امیدوار کے طور پر اعلان کیا جائے گا۔ کریم نگر میں راجندر راؤ کے نام کو تقریباً قطعیت دی جاچکی ہے۔ وہ سابق رکن اسمبلی آنجہانی جگپتی راؤ کے فرزند ہیں۔1