بی جے پی اور بی آر ایس کے اشارے پر کام کرنے کا الزام
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر ڈی انوسیا سیتکا نے کانگریس کے معطل رکن کونسل تین مار ملنا کے چیف منسٹر اور پارٹی کے خلاف الزامات کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سیتکا نے کہا کہ طبقاتی سروے انتہائی سائنٹفک انداز میں کیا گیا ہے تاکہ تمام طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پسماندہ طبقات کے بارے میں سنجیدگی شبہ سے بالاتر ہے اور تین مار ملنا کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے تین مار ملنا کو مشورہ دیا کہ وہ حقائق کا پتہ چلائے بغیر الزام تراشی سے گریز کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ دراصل بی جے پی اور بی آر ایس کی زبان بول رہے ہیں۔ ملک میں پہلی مرتبہ طبقاتی سروے کا اہتمام کیا گیا اور راہول گاندھی نے اس کی تجویز پیش کی تھی۔ بی آر ایس اور بی جے پی بھی طبقاتی سروے کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین مار ملنا دراصل بی جے پی اور بی آر ایس کے اشارہ پر کام کررہے ہیں۔ اسی دوران اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی نے تین مار ملنا کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ پارلیمنٹ انتخابات میں ان کی شکست کیلئے ریونت ریڈی کو ذمہ دار قرار دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر سے میں نے مقابلہ کیا تھا اور ریونت ریڈی نے میری کامیابی کیلئے ہر ممکن مساعی کی۔ میری شکست کیلئے تین مار ملنا چیف منسٹر کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جو گمراہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی سے خفیہ مفاہمت کرتے ہوئے مجھے شکست سے دوچار کیا گیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میری کامیابی کیلئے غیر معمولی مساعی کی تھی۔ کویتا کو جیل سے باہر لانے کیلئے بی آر ایس نے بی جے پی کی تائید کی اور8 نشستوں پر بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی۔1