ثانیہ کی میدان میں کامیاب واپسی

   


دوحہ : ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ڈبلیو ٹی اے مقابلوں میں کامیاب واپسی کی ہے جیسا کہ قطر اوپن کے کوارٹر فائنل میں رسائی کیلئے ثانیہ مرزا اور ان کی سلوانیہ کی ساتھی کھلاڑی اینڈریجا کلے پاک نے یوکرین کی نادیہ کیچینکو اور لیڈ مائیلا کیچینکو کو شکست دی۔ سخت مقابلہ کے باوجود ثانیہ جوڑی نے یہ مقابلہ 6-4,6-7(5),10-5 سے اپنے نام کیا۔ گذشتہ 12 مہینوں کے بعد ثانیہ مرزا کا یہ پہلا مقابلہ ہے اور اس نے اتفاق سے انہوں نے اپنا آخری مقابلہ فبروری 2020ء میں کھیلا تھا جس کے بعد کورونا کی وجہ سے ساری دنیا میں ٹینس کے علاوہ دیگر تمام مقابلے بھی منسوخ کردیئے گئے تھے۔ خود ثانیہ مرزا بھی جنوری میں کوروناوائرس سے صحتیاب ہوئی ہے۔ ثانیہ مرزا نے گذشتہ برس جنوری میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد ناڈیہ کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے ہوبارٹ اوپن کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔ آج کے مقابلہ میں ثانیہ جوڑی نے ابتدائی سیٹ میں ہی حریف جوڑی کی سرویس توڑتے ہوئے 0-3 کی سبقت بنالی تھی لیکن دوسرے سیٹ میں حریف جوڑی نے سخت مقابلہ کے بعد کامیابی حاصل کی۔ فیصلہ کن سیٹ میں ایک موقع پر دونوں ہی ٹیموں نے 4-4 کا مساوی موقف اختیار کرلیا تھا لیکن قریبی لمحات میں ثانیہ جوڑی نے اہم نشانات حاصل کئے۔