جئے پور مظاہرہ میں ابھیجیت ڈپکے کو تھپڑ اور طمانچے رسید کئے گئے

,

   

ہم رکیں گے نہیں ۔ حملے بزدلی اور خوف کی علامت ۔ سی جے پی کے بانی کا ردعمل

جئے پور 15 جون ( ایجنسیز ) ملک میں عوامی مسائل پر پرامن احتجاج کی قیادت کرنے والے کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت ڈپکے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ جئے پور میں جب سی جے پی کی جانب سے مظاہرہ کیا جا رہا تھا ان پر دو افراد نے لگاتار تھپڑ برسائے اور طمانچے رسید کئے ۔ سی جے پی نے 6 جون کو دہلی میں منعقدہ اپنے مظاہرہ میں کہا تھا کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفی تک مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ نیٹ پرچہ کے افشاء اور دوسرے پرچوں کے لیک ہونے پر وزیر تعلیم سے استعفی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ آج سی جے پی نے جئے پور کے شہید اسمارک پر مظاہرہ کا اہتمام کیا تھا ۔ تعلیم کے مسائل اور بیروزگاری جیسے مسائل پر یہ احتجاج کیا جا رہا تھا ۔ اس احتجاج میں ابھیجیت ڈپکے بھی موجود تھے ۔ جب ڈپکے کو ان کے حامی کندھوں پر اٹھائے تھے اچانک ہی ایک شخص نے انہیں کپڑے سے کھینچا ۔ پھر اس نے اور ایک اور شخص نے ابھیجیت پر تھپڑ رسید کرنے شروع کردئے ۔ ان دونوں کو ابھیجیت کے حامیوں نے پکڑ لیا اور پھر ان کو زد و کوب کیا گیا ۔ اس حملے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ابھیجیت ڈپکے نے سوشیل میڈیا پر کہا کہ کاکروچ جنتا پارٹی اس طرح کے حملوں سے رکے گی نہیں اور اپنے پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔ انہوں نے تحریر کیا کہ فزیکل حملے بزدلی اور خوف کی علامت ہوتے ہیں۔ ہم پرامن طریقے سے آواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ وہ گاندھی جی اورا مبیڈکر کے حامی ہیں اور اپنی لڑائی امن اور محبت کے ساتھ جاری رکھیں گے ۔ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو لازما مستعفی ہونا پڑیگا۔