جی ایچ ایم سی کی اسکیم کے آخری دن 8 ہزار 776 جائیداد مالکین کا استفادہ
حیدرآباد۔3۔نومبر۔(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جائیداد ٹیکس میں 90 فیصد رعایت کے ساتھ وصولی کے دوران بلدیہ نے 170 کروڑ روپئے وصول کئے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شروع کی جانے والی اسکیم سے استفادہ کرنے والوں میں بلدی حدود کے 59ہزار 830 جائیداد مالکین نے اس اسکیم سے استفادہ کیا اور اسکیم کے آخری دن 8ہزار 776 جائیداد مالکین نے اپنے ٹیکس بقایاجات ادا کئے جس کے ذریعہ 67.18کروڑ روپئے وصول کئے گئے ۔ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے 31 اکٹوبر تک جاری رہنے والی اس اسکیم کے ذریعہ مجموعی اعتبار سے 4لاکھ جائیداد مالکین سے 300کروڑ روپئے کی وصولی کا نشانہ مقرر کیا تھا لیکن اس نشانہ کے حصول میں جی ایچ ایم سی عہدیدارو ں اور عملہ کو کامیابی حاصل نہیں ہوپائی ہے۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے جاری سال جولائی میں ریاست کی تمام شہری بلدیات میں جائیداد ٹیکس کی یکمشت ادائیگی پر 90 فیصد رعایت کی اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا جس کی آخری تاریخ 31اکٹوبر مقرر تھی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 170کروڑ روپئے وصول کئے ہیں جبکہ جاریہ مالی سال کے جملہ نشانہ 2 ہزار کروڑ میں 31اکٹوبر تک جی ایچ ایم سی نے 1325 کروڑ کی وصولی کے نشانہ کو مکمل کیا ہے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے یکمشت ادائیگی کی اسکیم میں کی گئی وصولی پر اپنے ماتحت عہدیداروں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ دیگر بلدی علاقوں میں عہدیداروں نے جائیداد ٹیکس کی وصولی میں جو خدمات انجام دی ہیں وہ کافی بہتر ہیں لیکن جاریہ مالی سال 2022-23 کے لئے جو نشانہ مقرر کیا گیا ہے اس کی تکمیل کے اقدامات کے لئے بھی شہریوں میں شعور اجاگر کیا جانا چاہئے ۔ 31 اکٹوبر تک جی ایچ ایم سی حدود میں خیریت آباد زون میں سب سے زیادہ ٹیکس وصول کیا گیا جہاں مجموعی طور پر 400کروڑ روپئے وصول کئے گئے جبکہ شیری لنگم پلی زون میں 290 کروڑ روپئے وصول کئے گئے ہیں۔ کمشنر بلدیہ نے عہدیدارو ںکو جائیداد ٹیکس کی وصولی کا سلسلہ جاری رکھنے اور طویل عرصہ سے بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے والے جائیداد مالکین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ٹیکس کی ادائیگی پر آمادہ کریں اور انہیں ٹیکس کی اہمیت سے واقف کرواتے ہوئے بلدیہ کی جانب سے کئے جانے والے ترقیاتی کاموں سے واقف کروائیں۔م