جارج فلائیڈ کی موت نے نسلی امتیاز کو نمایاں کردیا: اوباما

,

   

واشنگٹن ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق امریکی صدر بارک اوباما نے امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے معاملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ جارج فلائیڈ کی موت نے امریکہ میں منظم نسلی امتیاز کو نمایاں کیا ہے۔ اوباما نے اپنی غیر نفع بخش تنظیم مائی برادرز کیپر الائنس کے ٹاؤن ہال میں ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے امریکہ میں جاری سیاہ فاموں کیساتھ نسل پرستانہ رویے پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے دورہ صدارت میں یہ تنظیم نسلی امتیاز کے خاتمے کی کوششیں تیز کرنے کیلئے قائم کی تھی۔ اوباما نے ٹاؤن ہال میں اپنی گفتگو کے آغاز میں جارج فلائیڈ اور پولیس حراست میں ہلاک دوسرے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے کہا کہ جب وہ دیکھتے ہیں کہ ملک بھر میں نوجوانوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جارہا ہے تو انہیں بہت مایوسی ہوتی ہے لیکن جب نوجوانوں کا ردعمل دیکھتے ہیں تو امید جاگ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی جوش و ولولے کیساتھ نوجوان اپنی تحریک جاری رکھیں تو مجھے احساس ہوتا ہیکہ ملک کے حالات بہتر ہوجائیں گے۔