جاریہ سال تلنگانہ کے عازمین کو رباط کی سہولت نہیں رہے گی

   

حکومت سعودی عرب نے پرمٹ جاری نہیں کیا، آئندہ سال قیام کی مساعی کرنے ناظر رباط حسین شریف کا عزم
حیدرآباد۔19۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو جاریہ سال رباط کی سہولت حاصل نہیں رہے گی۔ ناظر رباط حسین الشریف نے اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کو اطلاع دی ہے۔ رباط میں قیام کی سہولت سے محرومی کے نتیجہ میں جاریہ سال کے عازمین حج کے سفری اخراجات میں اضافہ ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے پہلے ہی اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ جاریہ سال عازمین حج کے لئے سفری اخراجات گزشتہ کے مقابلہ زیادہ رہیں گے ۔ جدہ میں واقع ہندوستانی کونسل کی جانب سے قیام کے اخراجات کی تفصیلات روانہ کرنے کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا مجموعی اخراجات کے بارے میں اعلان کرے گی۔ ناظر رباط حسین شریف نے ’’سیاست‘‘ کو بتایا کہ جس علاقہ میں حیدرآبادی رباط واقع ہے ، وہ انہدام کی کارروائی کے تحت ہے، لہذا سعودی حکومت نے عازمین حج کے قیام کے لئے پرمٹ جاری نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرمٹ کی عدم اجرائی کے سبب جاریہ سال سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کرنے سے معذوری کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال رباط کے متبادل انتظامات کی مساعی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکام سے ربط قائم کرتے ہوئے پرمٹ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن علاقہ کی عمارتوں کے انہدامی منصوبہ کے پیش نظر کسی بھی عمارت میں قیام کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ نظام حیدرآباد کی مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت سے ہر سال تقریباً 1200 عازمین کو سفری اخراجات کے سلسلہ میں بھاری رعایت حاصل ہورہی تھی۔ کووڈ صورتحال کے سبب گزشتہ دو برسوں تک حج کی اجازت نہیں تھی اور جاریہ سال حج کی اجازت تو مل گئی لیکن رباط کے لئے پرمٹ جاری نہیں کیا گیا۔ رباط میں قیام کیلئے منتخب عازمین کو فی کس تقریباً 45000 روپئے کی بچت ہورہی تھی جبکہ فی عازم 2100 ریال کی واپسی سے مزید 50 ہزار روپئے تک کی بچت تھی۔ اس طرح رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو مجموعی اخراجات میں تقریباً ایک لاکھ روپئے کی کمی واقع ہورہی تھی لیکن اس مرتبہ عازمین کو صرف 2100 ریال کی واپسی پر اکتفا کرنا پڑے گا۔ رباط میں عازمین کیلئے ناظر کی جانب سے تین وقت کھانے کا انتظام کیا جاتا رہا لیکن آخری مرتبہ 2018 ء میں حج کے موقع پر عازمین کیلئے کھانے کے بجائے ترکاری کا انتظام کیا گیا۔ ناظر رباط حسین شریف نے تلنگانہ حج کمیٹی کو ای میل کے ذریعہ جاریہ سال رباط کی سہولت نہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔ واضح رہے تلنگانہ ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت حاصل تھی۔ر