بعض ارکان اسمبلی کی کارکردگی مایوس کن، میناکشی نٹراجن کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) کانگریس کی انچارج میناکشی نٹراجن نے آج گاندھی بھون میں کریم نگر پارلیمانی حلقہ کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ضلع کے ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ میناکشی نٹراجن نے قائدین کو پارٹی کے استحکام کے علاوہ مجالس مقامی چناؤ کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کی مؤثر تشہیر کے ذریعہ عوام تائید حاصل کی جاسکتی ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ بعض ارکان اسمبلی کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے اور اُنھیں اپنے انداز کارکردگی کو تبدیل کرنا ہوگا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ جاریہ ماہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ اور کابینہ میں توسیع کا امکان ہے۔ تلنگانہ میں پارٹی اور حکومت میں بہتر تال میل کے لئے میناکشی نٹراجن جیسی تجربہ کار شخصیت کو بطور انچارج مقرر کرنا خوش آئند ہے۔ اُنھوں نے قائدین سے کہاکہ پارٹی کے استحکام کے علاوہ فلاحی اسکیمات کے فوائد مستحقین تک پہونچانے پر توجہ مرکوز کریں۔ بوتھ سطح تک پارٹی کو مستحکم کیا جائے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ خواتین کو مفت سفر کی سہولت سے لے کر راشن کارڈ پر باریک چاول کی سربراہی تک تمام اسکیمات سے عوام خوش ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی کو مقامی کارکنوں کو اعتماد میں لے کر کام کرنا چاہئے تاکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بہتر نتائج حاصل ہوں۔ اُنھوں نے ارکان اسمبلی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ مجالس مقامی کے چناؤ میں کامیابی کے لئے یہ ضروری ہے۔ میناکشی نٹراجن نے واضح کیاکہ تمام عوامی نمائندوں کی کارکردگی پر پارٹی کی گہری نظر ہے۔1