جاسوس سیارہ تیار کر لیا ہے،جلد ہی خلا میں چھوڑیں گے: کم جونگ ان

   

سیول : شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے اپنا پہلا فوجی جاسوس سیارہ تیار کر لیا ہے جسے لانچ کرنے کی انہوں نے منظوری دے دی ہے۔خبر کے مطابق یہ پیش رفت شمالی کوریا کی جانب سے نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی آزمائش کے تقریباً ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔ یہ میزائل شمالی کوریا کے ممنوعہ ہتھیاروں کے پروگراموں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بین البراعظمی میزائلوں کی تیاری اور اس کے بعد جاسوس سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنا ٹیکنالوجی کے اعتبار سے اہم بات ہے۔شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اینے رپورٹ کیا کہ کم جونگ ان نے منگل کو ہدایات دیں کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ فوجی جاسوسی سیارے نمبر ایک، جو اپریل تک تیار کر لیا گیا تھااسے طے شدہ تاریخ کے مطابق لانچ کیا جائے۔منگل کو شمالی کوریا کی خلائی ایجنسی کے دورے کے دوران کم جونگ ان نے عملے پر مختلف مداروں میں یکے بعد دیگرے سیٹلائٹ بھیج کر مصنوعی سیارے کے ذریعے خفیہ معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔