علماء کو عصری چیالنجس سے ہم آہنگ ہونے کی تلقین ، مولانا مفتی خلیل احمد اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 24؍ ڈسمبر ( پریس نوٹ ) جلسہ سالانہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت و دستار بندی فاضلین و حفاظ جامعہ نظامیہ و عرس شیخ الاسلام علیہ الرحمہ کے موقع پر افتتاحی خطاب میں مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے کہا کہ جامعہ نظامیہ اپنے بانی حضرت انوار اللہ فاروقی علیہ الرحمہ کے منشاء کے مطابق علوم اسلامیہ کی نشر و اشاعت میں شب و روز مصروف ہے ۔ طلبہ کو عصری چیالنجس سے ہم آہنگ کرنے انگریزی اور دیگر کئی زبانوں کی تدریس کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دختران ملت کی تعلیم کیلئے قائم کلیتہ البنات جامعہ نظامیہ ترقی پر گامزن ہے ۔ شعبہ دکتورہ سے عالم عرب کے فضلاء اور اسکالرس بھی استفادہ کررہے ہیں ۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ نے صدارت کی ۔ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ و شیخ الادب نے تعلیمی رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مارچ 2022 ء کے جملہ شریک امیدواروں کی تعداد 5342 رہی جو ایک سنگ میل ہے ۔ مولانا ڈاکٹر حافظ محمد شبیر احمد نائب شیخ الحدیث نے تذکرہ شیخ الاسلام میںحضرت بانی جامعہ کی حیات کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔ شیوخ جامعہ کے ہاتھوں فاضلین و حفاظ کو خلعت و دستار بندی سے آراستہ کیا گیا ۔ حضرت امیر جامعہ کے ہاتھوں گولڈ میڈل و اسنادات تقسیم کئے گئے ۔ مجلس اشاعت العلوم جامعہ نظامیہ کی کتابوں کی رسم اجراء عمل میں آئی ۔ مولانا محمد انوار احمدنائب شیخ التفسیر نے نظامت کی ۔