جامع مسجد سری نگر میں مسلسل 27ویں جمعہ کو نمازپر پابندی

   

سری نگر ۔ جموں و کشمیر کی تاریخی جامع مسجد سری نگر میں ایک با ر پھر لوگوں کو مسلسل 27ویں مرتبہ بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ اسلامی دعوت و تبلیغ کا سر چشمہ جامع مسجد سری نگر کا منبر و محراب بدستور خاموش ہے جبکہ انجمن کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کوآج ڈھائی سال مکمل ہوگئے ہیں۔ قابض انتظامیہ نے میر واعظ کی تمام سیاسی اور سماجی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے ،یہ مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔ بیان میں کشمیری عوام اور مذہبی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس سلسلے میں قابض انتظامیہ پر دبائو ڈالیں، جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کشمیری مسلمانوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ اور باعث تشویش ہے۔