جدہ ۔ 10 اکٹوبر (ایجنسیز ) سعودی عرب کے جدہ شہر میں اسکان بلڈنگ کے پاس آندھراپردیش کی ایک معمر خاتون اپنے بیٹوں سے بچھڑ گئی اور وہ کئی گھنٹوں سے اپنے بیٹوں کا انتظار کررہی ہے جو اسے عمارت کے قریب واقع ایک پارک میں چھوڑ کر چلے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض این آر آئی نے برقعہ پوش معمر خاتون کو پارک کے قریب تنہا کافی دیر تک بیٹھے رہنے پر اس کی خیر خیریت دریافت کی جس پر اس خاتون نے بتایا کہ وہ آندھراپردیش کے ضلع کڑپہ سے تعلق رکھنے والی ہے اور اس کے دو بیٹے جدہ میں مقیم ہیں ۔ وہی اسے یہاں چھوڑ کر گئے ہیں اور میں ان کا انتظار کررہی ہوں ۔ خاتون کو بیٹوں کا فون نمبر نہیں معلوم اور وہ رہائشی پتہ بھی نہیں جانتی ۔ اس معمر خاتون کو اس کے بیٹوں سے ملانے اور گھر پہونچانے کیلئے مقامی لوگ کوشش کر رہے ہیں۔