جدہ ایرپورٹ پرعصری سہولیات کی گرین ٹیکسی خدمات کا آغاز

,

   

جدہ ۔جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایرپورٹ کے نئے ٹرمینل سے نئی گرین ٹیکسی خدمات کا آغازکردیا گیا۔ ویب سائٹ کے مطابق اس سے پہلے گرین ٹیکسی خدمات کا آغاز دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے ہوا تھا، اب جدہ میں بھی تمام ائر پورٹ ٹیکسیوں کو سبز رنگ دیاگیا ہے۔ٹیکسی خدمات کی یہ تبدیلی صرف بیرونی ظاہری شکل یا داخلی خصوصیات تک ہی محدود نہیں بلکہ انتہائی ترقی یافتہ خدمات ہے۔اس موقع پر ٹیکسی خدمات کے منصوبے کے نگران ناصر بن ظلیف نے کہا ہے کہ 2020 ماڈل کی 1200 گاڑیوں کو ایرپورٹ ٹیکسی کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ان ٹیکسیوں میں دیگر تمام سہولتوں کے علاوہ آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی موجود ہے۔ان خدمات کا مقصد ٹیکسی شعبہ کو محفوظ گاڑیوں کے ساتھ تکنیکی ترقی میں پیش قدمی ہے تا کہ سعودی عرب کے ایرپورٹس پر نقل و حمل کا نظام مزید بہتر بنایا جا سکے۔ایرپورٹ ٹیکسی خدمات مہیا کرنے والی کمپنی الصفوہ نے رواں سال کے آغاز میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے وزیر ٹرانسپورٹ اور جنرل ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کے سربراہ اور جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن کے سربراہ کی موجودگی میں اس خدمت کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے پہلی خدمت کا افتتاح کیا تھا۔ 2020 ماڈل کی ان گاڑیوں میں جسے کمپنی نے خاص طور پر ایرپورٹ خدمات کے لیے تیار کیا ہے ان میں جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق موبائل ٹریکنگ کی خصوصیت کے ساتھ ایمرجنسی بٹن اور اسمارٹ اسکرین نصب ہے جس میں سیکیورٹی مانیٹرنگ کے لئے کیمرہ بھی لگایاگیا ہے۔اس کے ساتھ ہی بینک کارڈ کے ذریعے کرایے کی ادائیگی کے لیے آن لائن کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔نگراں کیمرہ اور ٹریکنگ سسٹم ٹیکسی اسکرینوں سے عربی اور انگریزی دونوں زبانوں کے ساتھ منسلک ہے۔یہ سعودی ویژن 2030 کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی اور جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا حصہ ہے۔گرین ٹیکسی خدمات کے آغاز پر المجدوعی موٹرز کے صدر یوسف بن علی المجدوعی نے کہا کہ ریاض کے کنگ خالد ایرپورٹ پر گرین ٹیکسی منصوبے کے پہلے مرحلے کی کامیابی سے اعتماد کو تقویت ملی۔