جدہ حملے کی عرب ممالک کی جانب سے مذمت

,

   

بحرین ،کویت ،مصر اور اردن کیجانب سے سعودی کی حمایت

دبئی ۔ متعدد عرب ممالک سمیت اداروں اور تنظیموں نے جدہ میں آرامکو کی تیل تنصیبات پر حوثی باغیوں کی طرف سے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق امارات، کویت اور بحرین نے جدہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔ اماراتی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم اس حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ حوثی ملیشیا خطے کے امن و استحکام کی سبوتاج کرنے کے درپے ہے۔ کویتی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کی شہری آبادی اور تیل تنصیبات کو حوثی باغیوں کی طرف سے مسلسل نشانہ بنانے پر عالمی برادری کو فوری طور پر متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔ بحرینی وزارت خارجہ کے مطابق مملکت بحرین برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ ہے اور اپنے ملک کے امن واستحکام اور تحفظ کے لئے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔سعودی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی تیل منڈی اور دنیا کی معیشت کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ دریں اثناء مصر نے کہا ہے کہ ایران نوازحوثی باغیوں کی طرف سے مذموم کارروائی انتہائی بزدلانہ ہے۔ مصری وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔سعودی عرب کو اپنی سرزمین اور تنصیبات کی حفاظت کرتے ہوئے جوابی کارروائی کرنے کا حق ہے۔ علاوہ ازیں اردن نے بھی جدہ تیل تنصیبات پر حملے کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اردن ہر طرح کی دہشت گردی اور تخریب کاری کو مسترد کرتا ہے۔ اردنی وزارت خارجہ نے کہا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے یہ مذموم حملہ تمام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹرکی صریح خلاف ورزی ہے۔ عرب لیگ، جی سی سی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی طرف سے جوابی کارروائی کے حق کی حمایت کی ہے۔ عرب لیگ کے جنرل سیکرٹری احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ یہ حملہ ہر طرح سے قابل مذمت ہے۔ جی سی سی کونسل کے سکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح الحجرف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سرزمین کو مسلسل نشانہ بنانا اور شہری آبادی کی امن وسلامتی کو خطرے میں ڈالنا نہایت مذموم عمل ہے۔سعودی عرب کو اپنی سرزمین کی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مناسب اقدام اٹھانے کا حق حاصل ہے۔