حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( راست ) : اردو اکیڈمی جدہ کے 3 رکنی وفدنے معتمد جناب سید نعیم الدین باری کی سربراہی میں ادائیگی عمرہ کے لئے جدہ سعودی عرب تشریف لائے جناب عامر علی خان ایم ایل سی تلنگانہ و چیف ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کی۔ وفد میں جناب مرزا قدرت نواز بیگ جوائنٹ سیکرٹری اور جناب منور خان معزز رکن موجود تھے۔ وفد نے اردو اکیڈمی جدہ کی خدمات سے جناب عامر علی خان کو واقف کرایا اورکہا کہ سیاست اخبار میں اردو اکیڈمی جدہ کی جانب سے منعقدہ تقاریب کی رپورٹ فوری طور پر شائع کرکے اردو اکیڈمی کی کارکردگی کو سارے عالم میں موجود اردو داں حضرات تک پہونچانے پر شکرگزار ہیں۔ نیز دیار غیر میں رہتے ہوئے ہم روزنامہ سیاست کے ذریعہ اپنے ملک و ریاست کی معیاری خبروں سے آگہی حاصل کرتے ہیں۔ اس موقع پر جناب عامر علی خان نے حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے لئے چلائی جانے والی مختلف اسکیموں کے تعلق سے وفد کو روشناس کروایا۔ اس ملاقات میں جدہ کے معروف شخصیات جناب عثمان بن محفوظ، جناب میر عارف علی اور جناب سعد احمد بھی شامل رہے۔