ایڈیشنل کلکٹر سدی پیٹ مزمل خاں کی شریک حیات اور اے کے خاں کی بہو
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) جدہ کے ہندوستانی کونسلیٹ میں تعینات خاتون سفارتکار محترمہ حمنہ مریم کا وزارت خارجہ نئی دہلی میں تبادلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآبادی بہو کے نام سے ہندوستانی کونسلیٹ میں شناخت رکھنے والی خاتون سفارتکار نے 2019 میں تعیناتی کے بعد سے ہندوستانی مشن کے ذریعہ بے سہارا ہندوستانیوں کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی تھی۔ 2017 آئی ایف ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والی حمنہ مریم کے شوہر مزمل خاں سدی پیٹ ضلع کے ایڈیشنل کلکٹر ہیں۔ ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار اور حکومت کے مشیر اے کے خاں کی بہو حمنہ مریم نے سیول سرویس امتحانات میں نمایاں کامیابی کے بعد انڈین فارن سرویس کو اختیار کیا۔ وہ کونسلیٹ میں ہندوستانی کے معاشی امور کی نگران تھیں۔ فرانس میں پہلی تعیناتی کے بعد انہیں جدہ کونسلیٹ میں پوسٹنگ دی گئی تھی۔ ان کا تعلق کیرالا سے ہے اور سیول سرویس میں مزمل خاں کے ساتھ ایک ہی بیاچ میں شامل تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محترمہ حمنہ کو نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات کیا گیا۔ وزارت خارجہ کے حلقوں میں انہیں ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد مقرر کرنے کی اطلاعات تھیں لیکن بعد میں مرکزی حکومت نے انہیں وزارت خارجہ میں پوسٹنگ دی ہے۔ر