برلن : دیوار برلن کے انہدام کے بعد سابقہ مشرقی اور مغربی جرمن ریاستوں کے اتحاد کو آج پیر 3 اکتوبر کے روز ٹھیک 32برس ہو گئے۔ اس سلسلے میں تین روزہ تقریبات آج مکمل ہو رہی ہیں۔ مرکزی تقریب مشرقی شہر ایرفرٹ میں ہو رہی ہے۔اس سال اتحاد جرمنی کی سالگرہ کے موقع پر مشرقی جرمن صوبے تھیورنگیا کے دارالحکومت ایرفرٹ میں جس تقریب کا اہتمام کیا گیا، وہ ایک تین روزہ میلہ تھا۔ لیکن ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ ماضی کی دونوں جرمن ریاستوں کے اتحاد کی سالگرہ ایک ایسے موقع پر منائی جا رہی ہے، جب مشرقی یورپ میں روسی یوکرینی جنگ کے باعث ہلاکت خیزی اور پورے یورپ میں گہری تشویش کے سائے منڈلا رہے ہیں۔دیوار برلن کے گرائے جانے کے تقریباً ایک سال بعد سابقہ مشرقی جرمنی کی کمیونسٹ ریاست اور سابقہ مغربی جرمنی کی وفاقی جمہوری ریاست کا اتحاد اکتوبر 1990ء میں عمل میں آیا تھا۔