برلن : جرمنی کے سرکردہ سیاستدانوں اور چانسلر کے امیدواروں نے آخری ٹی وی مباحثہ میں روس کے یوکرین پر حملے، دفاعی اخراجات اور ہیلتھ کیئر جیسے موضوعات پر اپنے خیالات پیش کیے۔ نئی پارلیمان کے لیے اتوار کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اتوار کے روز ہونے والے انتخابات میں سات اہم جماعتیں بنڈسٹاگ (جرمن پارلیمان) میں نشستوں کے لیے مقابلہ کر رہی ہیں۔ ان میں مجموعی طور پر، تین دائیں طرف جھکاؤ والی اور چار بائیں طرف جھکاؤ رکھنے والی جماعتیں ہیں۔ جرمن سیاست میں مختلف نظریات کی حامل یہ جماعتیں اور ان کے رہنما ووٹروں کو راغب کرنے کی آخری کوشش کررہے ہیں۔ رائے شماری کے تازہ ترین جائزوں کے مطابق دائیں بازو کی اپوزیشن جماعتیں انتخابات میں برتری حاصل کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ قدامت پسند جماعت سی ڈی یو کو تقریباً 30 فیصد حمایت حاصل ہے جب کہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی (اے ایف ڈی) تقریباً 20 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ موجودہ چانسلر اولاف شولز کی سینٹر لیفٹ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) 15 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جب کہ ان کی اتحادی جماعت گرین پارٹی صرف 13 فیصد ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر نظر آ رہی ہے۔