جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ

   

برلن : جرمنی میں 2022 کے مقابلہ میں 2023 ء میں گھریلو تشدد کا شکار بننے والے متاثرہ افراد کی تعداد میں 6.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ خاندانی امور کی جرمن وزیر نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ خاندانی امور کی وزیر لیزا پاؤز نے جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک حقیقت کی چونکا دینے والی حد ہے۔ پولیس کی طرف سے جاری کردہ جرائم کے اعداد و شمار پر مبنی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق 2023 ء میں 88,411 افراد گھریلو تشدد سے متاثر ہوئے۔ 2022ء کے مقابلہ میں یہ 8 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہے۔ مزید برآں یہ کہ متاثرین میں 70 فیصد خواتین ہی ہیں۔ ان متاثرہ خواتین میں سے 65.5 فیصد اپنے پارٹنر یا شریک حیات کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہوئیں۔ ان اعداد و شمار کے مطابق گھریلو تشدد کا شکار ہونے والی باقی 34.5 فیصد خواتین اپنی فیملی کے اندر ہی تشدد کا نشانہ بنیں۔ امکان ہے کہ اس نوعیت کا تشدد دادا، دادی یا دیگر قریبی رشتے داروں کی طرف سے بھی کیا گیا ہو۔ ان اعداد و شمار کے مطابق 2023 ء میں گھریلو تشدد کے 78,341 کیسز ریکارڈ کیے گئے، جن کی تعداد ایک سال قبل کے مقابلہ میں 6.7 فیصد زیادہ رہی۔