برلن : جرمنی اپنے باقی ماندہ آخری تین نیوکلیر پلانٹ بھی بند کر رہا ہے۔ جرمنی کی گرین پارٹی ایک طویل عرصے سے نیوکلیر پلانٹس کی بندش کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہے۔ ایک ایسے موقع پر کہ جب فوکوشیما نیوکلیر حادثے کے باوجود براعظم ایشیا میں کئی ممالک نیوکلیر توانائی کے جانب بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں، جرمنی اپنے آخری تین نیوکلیر پلانٹ بھی بندکرنے والا ہے۔ مارچ کے آخر میں جرمنی کی وزیرماحولیات اور گرین پارٹی کی رہنما اشٹیفی لیمکے نے نیوکلیر توانائی جاری رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق ابہام سے جڑی بحث کو چند ہی جملوں میں ختم کر دیا تھا۔ ان کا اس حوالے سے کئی برسوں سے جاری تجسس ختم کرتے ہوئے کہنا تھا، نیوکلیر توانائی سے جڑی خطرات بلآخر قابو سے باہر ہوتے ہیں، اس لیے نیوکلیر دور کا خاتمہ ہمارے ملک کو محفوظ بنائے گا اور نیوکلیر فضلے سے جان چھٹ جائے گی۔