جسٹن ٹروڈو کی اسلامک سنٹر کی دیوار پر نفرت انگیز ڈرائنگ کی مذمت

   

اوٹاوا : کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ اسلامک سینٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور اس کی دیوار پر نفرت انگیز ڈرائنگ بنائے جانے کا واقعہ ناقابل قبول ہے۔جسٹن ٹروڈو نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اونٹاریو میں اسلامک سینٹر آف کیمبرج کی دیوار پر نفرت انگیز ڈرائنگ بنائے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اْنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اسلامک سینٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور ملک بھر میں اسلامو فوبیا میں اضافہ تشویشناک، گھناؤنا اور ناقابل قبول ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم نے لکھا کہ میں اس واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں اور ایسی نفرت کے خلاف مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہوں۔ اْنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ ہمیں مل کر اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ دوسری جانب، اونٹاریو کی لبرل لیڈر بونی کرومبی نے بھی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔اْنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مجھے کیمبرج کی مسجد میں توڑ پھوڑ کے واقعے کا سن کر پریشانی ہوئی۔بونی کرومبی نے لکھا کہ ایک کینیڈین ہونے کی حیثیت سے اسلامو فوبیا ہماری اقدار کے بالکل خلاف ہے۔ اْنہوں نے مزید لکھا کہ نفرت کسی بھی شکل میں ہو ہم سب کو اس کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔