جعلی دستاویزات کے ذریعہ اراضیات پر قبضہ و فروخت

   

ساوتھ ویسٹ زون پولیس کی کارروائی ، دو افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : جعلی دستاویزات کے ذریعہ اراضیات کو ہڑپنے اور دھوکہ دہی کے ذریعہ اراضیات کو فروخت کرنے والے افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ساوتھ ویسٹ زون پولیس نے ٹاسک فورس ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ 30 سالہ ایوب عادل ساکن کنگ کالونی 46 سالہ نواب میر اکرم علی خاں ساکن جنگم میٹ اور 58 سالہ احمد خاں ساکن غازی بنڈہ چارمینار کو گرفتار کرلیا جب کہ ان کے دیگر دو ساتھی شہباز اور ڈاکٹر الیاس مفرور ہیں ۔ اس ٹولی نے کاٹے دھان کی اندرا سوسائٹی میں واقع ایک پلاٹ کے فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے فروخت کردیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ ایوب اور اس کے ساتھی رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرتے ہیں ۔ مفرور شہباز علاقوں میں گھومتے ہوئے خالی پلاٹس اور اراضیات کی تفصیلات کو حاصل کرتا تھا اور اس پلاٹس کی تمام تفصیلات کو حاصل کرنے کے بعد اس کے فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے پلاٹس کو فروخت کیا جاتا ہے ۔ خریدار کو دھوکہ دینے کے علاوہ حقیقی پلاٹ مالک کو بھی دھوکہ دہی کا شکار بنایا جاتا ہے ۔ پولیس مفرور افراد کو تلاش کررہی ہے ۔۔ ع