جعلی سرٹیفکیٹس کی تیاری پر می سیوا سنٹر کے خلاف کارروائی ، دو ملزمین گرفتار

   

نظام آباد: 6 ؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر کے رئیس پیٹ علاقے میں واقع ’’صحارا می سیوا سنٹر‘‘ میں مبینہ طور پر جعلی سرکاری سرٹیفکیٹس تیار کرنے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیا، کی ہدایت پر سی سی ایس اے سی پی سری شیلم کی نگرانی میں سی سی ایس اور بودھن پولیس کی مشترکہ ٹیم نے رئیس پیٹ کی جامع مسجد کے قریب واقع می سیوا مرکز پر تلاشی لی، جہاں جعلی سرٹیفکیٹس تیار کیے جانے کا انکشاف ہوا۔ پولیس کے مطابق می سیوا آپریٹر شیخ وسیم رئیس پیٹ، بودھن، مبینہ طور پر کم مدت میں زیادہ رقم کمانے کی لالچ میں گزشتہ دو سال سے می سیوا سنٹر کے مالک محمد مکرم اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر اپنے مرکز اور گھر پر جعلی می سیوا سرٹیفکیٹس تیار کرکے فراہم کررہا تھا۔ ان جعلی سرٹیفکیٹس پر متعلقہ ربڑ اسٹامپ لگا کر انہیں اصلی سرٹیفکیٹس کی طرح تیار کیا جاتا تھا اور ہر سرٹیفکیٹ کے لیے 5 ہزار سے 10 ہزار روپے تک وصول کرکے رقم آپس میں تقسیم کی جاتی تھی۔ پولیس نے ضبط شدہ دستاویزات اور الیکٹرانک آلات کی بنیاد پر دونوں ملزمین کے خلاف قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ اس معاملے میں مفرور دیگر ملزمین کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کیس کی تحقیقات بودھن ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وی وینکٹ نارائنا اور سب انسپکٹر ایل رام کررہے ہیں۔