ملک پیٹ کے گھانسی بازار میں پولیس اور محکمہ ایکسائز کی کارروائی، گانجہ اور لاکھوں روپے نقد قم ضبط
حیدرآباد۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ملک پیٹ علاقہ کے گھانسی بازار میں گانجہ فروخت کرنے والے شخص کو ملک پیٹ پولیس اور محکمہ ایکسائز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ حیدرآباد ایکسائز سپرنٹنڈنٹ وجئے بھاسکر گوڑ نے بتایا کہ ایک اطلاع پر ملک پیٹ کے گھانسی بازار علاقہ کے مہدی گل کے ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا جس میں ارون کرار ساکن مغربی بنگال کے شہری کو گرفتار کرکے اس کے مکان میں سے 450 گرام گانجہ برآمد کرلیا گیا۔ مکان کی مزید تلاشی لینے پر اس کے پاس سے 7.59 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوئے۔ پولیس نے گانجہ، نقد رقم کے علاوہ موبائل فون اور ڈیجیٹل ویسنگ مشین بھی ضبط کرلئے اور مزید کارروائی کے لئے اسے ملک پیٹ پولیس کے حوالہ کردیا گیا۔ ش؍F
اپارٹمنٹ میں اے سی کمپریسر پھٹنے سے دہشت ، کوئی جانی نقصان نہیں
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : شہر کے نواحی علاقے پیٹ بشیرآباد میں اے سی کمپریسر پھٹنے کے بعد خوف و دہشت پیدا ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن حدود کے علاقے میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں اے سی کمپریسر اور گیس سلنڈر پھٹ پڑے۔ زوردار دھماکوں اور آگ سے اپارٹمنٹ اور آس پاس کے علاقوں میں خوف و دہشت پیدا ہو گئی۔ اطلاع کے بعد آتش فرو عملے نے مقامِ واردات پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور راحت کاری اقدامات کو انجام دیا۔ تاہم اس حادثے میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ چار فائر انجن گاڑیوں نے گھنٹوں مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا اور راحت کاری آپریشن کو انجام دیا۔ع
تروپتی ضلع میں خاتون کے قتل کا معمہ حل ، ایک شخص گرفتار
حیدرآباد۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) تروپتی ضلع کے رومپلی چیرلا منڈل کے بیستاواڑہ کی رہنے والی 26 سالہ خاتون کے قتل کا پولیس نے معمہ حل کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ویلیرو بھاگیہ شری 26 سالہ جو تروپتی میں ایس جی آئی بینک میں کریڈٹ کارڈ سیلس محکمہ میں ملازمت ملنے پر کرایہ کے مکان میں رہ رہی تھی اور وہ چند دنوں سے لاپتہ تھی جس کی شکایت پولیس میں کی گئی۔ اس دوران 31 اکتوبر کو پولیس کو جناچیتنیا وینچر میں ایک نامعلوم خاتون کی نعش برآمد ہوئی۔ پتہ چلا کہ بھاگیہ شری کے گاؤں کا ہی جمیل باشاہ 38 سالہ آٹوڈرائیور اس سے ایک طرفہ محبت کرتا تھا۔ جمیل باشاہ شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ بھی ہے، اس نے بھاگیہ شری سے دوری کے ڈر سے اس نے 31 اکتوبر کو ملنے گیا اور اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ قتل کے بعد سے جمیل کا فون بند آرہا تھا جس پر پولیس کو شبہ ہوا اور تمام شواہد کو اکٹھا کرکے پولیس نے جمیل کو گرفتار کرلیا۔ ش؍F
زوالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اپل کے قریب سرقہ کی سنگین واردات
حیدرآباد۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ اُپل میں نیشنل زوالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے ایک شخص سے دیڑھ تولہ سونے کی زنجیر اور موبائل فون چھین لیا۔ پولیس کے مطابق مرلی بابو 45 سالہ جو صبح تقریباً 7 بجے موبائل فون پر بات کرتے ہوئے سڑک عبور کررہا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد اس کے قریب آئے اور مبینہ طور پر اس کے گلے سے سونے کی زنجیر چھین لی اور موبائل فون بھی لے کر فرار ہوگئے۔ متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ ملزمان تارناکہ کی طرف فرار ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی شناخت مرلی بابو کے طور پر کی گئی۔ مرلی بابو کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ نامعلوم سارقین کی تلاش شروع کردی۔ ش؍F
منشیات کی فروخت کے لیے کرپٹیو لین دین کا پردہ فاش
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : شہر میں اسنیپ چیٹ کے ذریعے کرپٹو لین دین کے دوران گانجہ اور منشیات فروخت کرنے والے ایک ریاکٹ کا ایگل فورس نے پردہ فاش کر دیا۔ ایگل فورس کی جانب سے کی گئی اس کارروائی میں 1.240 گرام گانجہ اور 16.50 گرام او جی کش نامی اشیا کو ضبط کر لیا گیا۔ اور تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے موبائل فون بھی ضبط کر لیے۔بتایا جاتا ہے کہ ایک مشتبہ کار کی نقل و حرکت پر ایگل فورس نے توجہ مرکوز کی، کیونکہ ایگل فورس کو ان سرگرمیوں کا شبہ تھا۔ خفیہ اطلاع کے بعد ایگل فورس نے جال بچھا کر اس نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا اور تین افراد، اٹھائیس سالہ ادریس کلیم اور فرحان، تیس سالہ سید عباس حسینی اور تئیس سالہ محمد شیخ کو گرفتار کر لیا۔ع
بیٹے کی سالگرہ تقریب میں شرکت کی خواہش ماں کیلئے مہنگی ثابت
فلائیٹ ٹکٹ بکنگ کے نام پر لاکھوں روپیوں کا دھوکہ کا شکار
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : بیٹے کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی خواہش ایک ماں کے لیے مہنگی ثابت ہوئی، جہاں سائبر دھوکے بازوں نے خاتون کے لاکھوں روپے لوٹ لیے۔ خاتون، جو تلگو فلم انڈسٹری کی معروف کیریکٹر آرٹسٹ بتائی گئی ہیں، انیتا چودھری نے سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کروائی۔ انیتا چودھری، جو کاوری ہلز، مادھاپور علاقے کی ساکن ہیں، اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی جانا چاہتی تھیں اور واشنگٹن ڈی سی کے سفر کا منصوبہ تیار کر رہی تھیں۔ اس خاتون کا لڑکا امریکہ میں زیرِ تعلیم ہے۔اس دوران خاتون نے بزنس کلاس ایئر ٹکٹ کے لیے آن لائن ٹریول ایجنسی کی تلاش شروع کر دی۔ اسی دوران خاتون کو لو فلائٹ ٹورز اینڈ ٹریولز کے نام سے ایک ویب سائٹ ملی، جہاں دیے گئے رابطہ نمبر پر بات کرنے پر راجیش نامی شخص نے خاتون سے رابطہ کیا۔ اس دھوکے باز نے کیریکٹر آرٹسٹ انیتا چودھری کو مکمل طور پر اپنے جال میں پھنسا لیا اور بکنگ کے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے خاتون سے او ٹی پی حاصل کیا۔ خاتون ایئرلائن ٹکٹ کی تصدیق کے لیے او ٹی پی کو لازمی تصور کرتے ہوئے اس دھوکے باز کے ہر اشارے پر عمل کرتی گئیں اور اپنے موبائل پر موصول ہونے والا او ٹی پی اس دھوکے باز راجیش کو روانہ کر دیا، جس کے بعد خاتون کے بینک کھاتے سے 4,14,180 روپے غائب ہو گئے ، جو واشنگٹن ڈی سی کے لیے ایک بزنس کلاس ایئرلائن ٹکٹ کی قیمت بتائی گئی تھی۔بینک کھاتے سے رقم منتقل ہونے کے بعد ٹکٹ کنفرم نہ ہونے پر پریشان خاتون نے دوبارہ رابطہ کیا، تو خاتون کو اس بات کا یقین ہو گیا کہ ان کے ساتھ دھوکا دہی کی گئی ہے۔ جس کے بعد انیتا چودھری نے سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کروائی۔ پولیس مصروفِ تحقیقات ہے۔ع
راجاپیٹ یادادری میں گانجہ فروخت کرنے والے چار افراد گرفتار
حیدرآباد۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) یادادری بھونگیر ضلع کے راجاپیٹ میں گانجہ فروخت کرنے والے چار افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ راجا پیٹ میں انسپکٹر محمد تقی الدین نے بتایا کہ ایک اطلاع پر چار افراد گنگو کارتک ریڈی 21 سالہ، دباس دنیش 21 سالہ، وینکٹاپورم جان 19 سالہ اور کاٹکوری راجو 20 سالہ راجا پیٹ میں گانجہ فروخت کررہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر انہیں گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضے سے 100 گرام گانجہ ایک بائیک اور چار سیل فونس ضبط کرلئے گئے۔ ش؍F