جلال آباد کو دہلادینے کے بعد آئی ایس کو کچل دینے افغانستان کاعزم

,

   

یوم آزادی کی تقاریب سلسلہ وار دس دھماکوں کی نذر ۔ بچوں کے بشمول درجنوں افراد زخمی

جلال آباد ؍ کابل ۔ 19 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغا نستان کے یوم آزادی کا جشن دوشنبہ کو مشرقی افغان شہر جلال آباد میں سلسلہ واردھماکوں کے سبب ماند پڑگیا۔ ان دھماکوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جن میں کئی بچے شامل ہیں۔ تاحال کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے لیکن اس کے اندیشے ضرور ہیں۔ شہر کے اطراف و اکناف حکام کے مطابق کم از کم دس دھماکے ہوئے جس کے نقصانات کے بارے میں مواد اکٹھا کیا جارہاہے ۔ ملک کے 100 ویں یوم آزادی کے موقع پر اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس ) گروپ نے جب ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تب صدر افغانستان نے عزم کیا کہ وہ آئی ایس کی تمام محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرتے ہوئے اس گروپ کو کچل دیں گے ۔ یہ دھماکے آئی ایس سے ملحقہ مقامی تنظیم کی جانب سے شادی کی تقریب میں ہولناک تشدد برپا کرنے کے صرف ایک روز بعد پیش آئے ہیں۔ صدر اشرف غنی کے ریمارکس اس پس منظر میں ہیں کہ افغانستان کم از کم 63 افراد کا سوگ منارہا ہے جن میں کئی بچے تھے جو اتوار کی رات دیر گئے کابل کے شادی خانہ میں بمباری کی نذر ہوگئے ۔ جلال آباد والے صوبہ ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اﷲ خوگیانی نے کہاکہ یہ دھماکے عصری آلات استعمال کرتے ہوئے کئے گئے ہیں ۔ جلال آباد ان حملوں کا سب سے زیادہ نشانہ بنا ہے اور اطراف کے علاقوں کو بھی زد میں لیا گیا ۔ اس شہر کے اطراف و اکناف طالبان جنگجو اور آئی ایس گروپ سے ملحق مقامی تنظیمیوں کی آماجگاہ ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کم از کم 19 افراد زخمی ہوئے لیکن مقامی دواخانہ کے ترجمان ظاہر عادل نے بتایا کہ زخمیوں کی تعداد چالیس سے زائد ہے ۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے نامہ نگار نے زخمیوں میں بچے دیکھے ہیں۔ اس سال کی 19 اگسٹ کی تقاریب برطانوی اثر سے افغانستان کی آزادی کے ایک سو سال کی تکمیل ہے ۔ اشرف غنی نے ادعاء کیا کہ طالبان جس کے تعلق سے امریکہ کو اب مثبت اُمیدیں ہیں ، وہ ابھی سدھرے نہیں ہیں ، اُن کی حکومت امریکی بات چیت میں افغانستان کو نظرانداز کئے جانے کے بعد مضطرب ہے ۔ طالبان نے دہشت گردوں کے لئے پلیٹ فارم فراہم کیا ہے اور خود وہ بھی برسوں سے اسکولوں ، مسجدوں اور دیگر عوامی مقامات پر حملوں میں ملوث رہے ہیں ۔ افغانستان میں گزشتہ دہے میں اقوام متحدہ کے مطابق زائد از 32000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔