جموں۔ جموں کی تجارتی انجمنوں نے شہر میں ریلائنس ریٹیل اسٹورزکھلنے کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 22 ستمبر کو جموں بندکی کال دے دی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں ریلائنس اسٹورز کے کھلنے سے 20 ہزار چھوٹے دکاندار بے روزگار ہو جائیں گے ۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں کے صدر ارون گپتا نے ہفتے کو یہاں قریب دو درجن چھوٹی بڑی تجارتی انجمنوں کے نمائندوں کی موجودگی میں جموں بندکی کال دی۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاریلائنس اسٹورز کا کھلنا ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ ریلائنس اور مقامی حکومت کو سمجھ آنا چاہیے کہ ہم ایک ہزار لوگوں کو روزگار دے رہے ہیں اور 20 ہزار لوگوں کو بے روزگار کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاریلائنس اسٹورز میں کام کرنے والے تقریباً 70 فیصد لوگ باہر سے آئیں گے ۔ چھوٹی چھوٹی دکانیں چلانے والے 20 ہزار لوگوں کا بے روزگار ہونا طے ہے ۔ ریلائنس کے پاس بہت سارے کام ہیں۔ وہ ان کی طرف دھیان دیں۔ جس طرح پنجاب سے ان کو بھگایا گیا اسی طرح یہاں سے بھی بھگایا جائے گا۔ ارون گپتا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں عوامی منتخب حکومت کا نہ ہونا لوگوں کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ عوامی منتخب حکومت سے اپنے مطالبات کسی بھی طرح منوا سکتے ہیں۔ موجودہ افسر شاہی نظام میں تمام فیصلہ اے سی والے کمروں میں بیٹھ کر کئے جاتے ہیں۔ پھر کہتے ہیں کہ ہمارے فیصلے غلط نہیں ہو سکتے ۔