سرینگر: جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری میں گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے تین زلزلوں کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی کے مطابق پیر کی شب کے 10 بجکر 26 منٹ پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 5 کلو میٹر تھی۔ سنٹر کے مطابق لداخ کے لیہہ میں منگل کی علی الصبح 4 بجکر 33 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 5 کلو میٹر تھی۔ سنٹر کے مطابق تیسرا زلزلہ لداخ کے لیہہ میں ہی میں منگل کی صبح 8 بجکر 41 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 13 کلو میٹر تھی۔تاہم ان زلزلوں سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔بتادیں کہ جموں وکشمیر اور لداخ میں 18 دسمبر کو یکے بعد دیگر پانچ بار زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔