جموں و کشمیر شاہراہ کی صفائی کا کام مکمل ، ٹرافک بحال

   

بنی بل ( جموں ) ۔ 16 ۔ اپریل : (سیاست ڈاٹ کام ) : بعض سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کی قومی شاہراہ کو رحمن ضلع میں زمین کے کھسک جانے کے باعث سات گھنٹوں تک حمل و نقل کے لئے بند ہوجانے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا ۔ زمین کھسک جانے سے اس شاہراہ پر 1000 سے زائد مسافر بردار گاڑیاں اور 1500 ٹرک 270 کلو میٹر طویل اس شاہراہ پر پھنس گئے تھے ۔ یہی ایک شاہراہ ہے جو ہر موسم میں کشمیر کو ملک کے بقیہ حصے سے جوڑے رکھتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ زمین کھسکنے کے بعد متعلقہ ایجنسی نے فوری اپنے عملے کو متحرک کردیا تھا اور مسلسل 7 گھنٹوں کی محنت شاقہ کے بعد اس شاہراہ سے ملبے کو ہٹا کر حمل و نقل کو بحال کیا گیا ۔ کشمیر کے دو صدر مقام سری نگر اور جموں کی ٹرافک کو یہاں باری باری سے اجازت دی جاتی ہے کیوں کہ اس شاہراہ کی چار لائنوں پر ابھی تک کام جاری ہے ۔۔