جموں و کشمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے ، کوئی نقصان نہیں

   

سری نگر، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر میں منگل کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی ہے ۔یہ جموں وکشمیر میں تین دنوں میں آنے والا تیسرا زلزلہ ہے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں کشمیر میں منگل کی صبح قریب سات بجے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ اس زلزلے کی شدت ریختر پیما پر 5.8 ریکارڈ ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زلزلے کا مرکز تاجکستان کا کوئی علاقہ تھا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے وادی کشمیر کے علاوہ خطہ چناب کے تین اضلاع اور ضلع جموں میں بھی محسوس کئے گئے ہیں۔ وادی میں اس زلزلے کی شدت نسبتاً زیادہ ہی محسوس کی گئی اور بعض علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر کے بیشتر علاقے زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔