جموں و کشمیر: ویشنوی دیوی ماتا مندر انتظامیہ کی جانب سے کورونٹائن میں مقیم 500 مسلمانوں کیلئے سحر و افطار کا نظم۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال

,

   

کترا (جموں و کشمیر) ہندوستان ایک ایسا واحد ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے بستے ہیں۔یہاں کی قومی یکجہتی ساری دنیا میں مشہور ہے۔ یہاں پر لوگ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، لیکن کبھی کبھار مٹھی بھر شرپسند عناصر ملک کی امن و سکون کی فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ نفرت کے اس ماحول میں بھی ہندو مسلم قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ جموں و کشمیر کے کترا گاؤں کے شری وشنو دیوی ماتا مندر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی اعلی مثال نے شرپسند عناصر کو شرمندہ کردیا۔ ہندوستان ٹائمس کے مطابق شری وشنو دیوی ماتا مندر انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے پیش نظر کورنٹائن میں مقیم 500مسلمانوں کیلئے سحر و افطار کا انتظام کیا جارہا ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں مندر انتظامیہ نے مندر کے حصہ جس کو آشیرواد بھون کہا جاتا ہے کو کورنٹائن مرکز بنادیا ہے۔

YouTube video

مندر بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رمیش کمار نے بتایا کہ شری ویشنوی دیوی ماتامندربورڈ رمضان کے مہینہ کے پیش نظر مسلمانوں کیلئے سحر و افطار کھانا فراہم کررہا ہے۔ مندر کے خادمین ساری رات جاگ کر مسلمانوں کیلئے سحر کا انتظام کررہے ہیں۔ تقریبا 500 مسلمانوں کو سحر و افطار کروایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آشیر بھون کو کورنٹائن مرکز میں تبدیل کردیاہے جس میں 500 بستروں کا نظم کیا گیا ہے۔ مارچ کے ابتداء سے ہی جموں و کشمیر حکومت ملک کے مختلف مقاما ت پر پھنسے شہریوں کو واپس اپنی ریاست لانے کے اقدامات کررہی ہیں۔ کترا گاؤں میں واقع ہمارے آشیرواد بھون کو ہم نے کورنٹائن مرکز میں تبدیل کردیا ہے۔“ مسٹر کمار نے بتایا کہ آشیرواد بھون میں لائے جارہے افراد کا زیادہ تر تعلق مسلم طبقہ سے ہے۔ چونکہ مسلمان رمضان میں روزے رکھتے ہیں، تو ہم نے فیصلہ کیا کہ تمام روزے دار مسلمانوں کو روزانہ سحر و افطار کا انتظام کریں۔“ چیف ایگزیکیٹیو رمیش کما رنے مزید بتایا کہ آشیرواد بھون میں مقیم دیگر افرا د دن میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ مزدور پیشہ افراد ملک کے مختلف ریاستوں سے خصوصی طورپر چلائی جانے والی شرامک ٹرین اور بسوں کے ذریعہ سے جموں و کشمیر کے مرکزی شہر اودھم پور ٹاؤن پہنچ رہے ہیں۔ کترا گاؤں اودھم پور ٹاؤن سے 40 کیلو میٹر دور ہے۔بتایا جاتاہے کہ شری ماتا ویشنوی مندر ہندو طبقہ کے نزدیک نہایت محترم و مکرم مانا جاتا ہے اور یہ مندر تروپتی آندھراپردیش کی معروف مندر دیوا ستھانم کے بعد دوسری امیر ترین مندر ہے۔ ہندوستان ٹائمس کے مطابق شری ویشنوی دیوی ماتا مندر نے کترا میں کورنٹائن مراکز پر 20 مارچ سے تاحال مستحق افراد میں کھانا فراہم کرنے پر تقریبا 80 لاکھ روپے خرچ کئے ہیں جبکہ کوویڈ۔ 19 کے خلاف لڑنے کیلئے تقریبا 1.5 کرو ڑ روپے خرچ کردئے ہیں۔