سرینگر ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز زیرانتظام دو علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں سردی کی وجہ سے درجہ حرارت کم ہوگیا اور منفی 13.2 درجہ سلسیس رہا۔ سرینگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب شدید سردی کے باوجود جموں و کشمیر کے ہفتہ واری بازار میں عوام کا زبردست ہجوم دیکھا گیا حالانکہ چند ہی دکانیں کھلی ہوئی تھیں۔ دستورہند کی دفعہ 370 کی برخاستگی کے بعد وادی کشمیر میں آج عام ہڑتال کا 118 واں دن تھا۔ ہفتہ وار بازار جسے مقامی سطح پر اتواری بازار کہا جاتا ہے آج کھلا تھا کیونکہ تاجروں نے ٹی آر سی چوک بٹمالو میں عارضی دکانیں قائم کی تھیں۔ شہر کے مرکزی علاقہ لال چوک میں یہ ہفتہ واری بازار منعقد کیا جاتا ہے۔ اس میں صارفین کا ہجوم دیکھا گیا کیونکہ ہزاروں افراد گرم کپڑے اور دیگر اشیاء خریدنے کیلئے ہزاوں کی تعداد میں جمع ہوگئے تھے۔ دکانیں اور دیگر تجارتی ادارے اتوار کی صبح تک کھلے رکھے گئے۔ لال چوک میں تجارت کے عروج کے دوران دوپہر تک بھی خریداری ہوتی رہی۔ وادی کشمیر میں بازار نئے تجارت کے اوقات کے علاوہ بھی کھلے رکھے گئے۔ عام طور پر علی الصبح دکانیں کھول دی جاتی ہیں اور بیشتر علاقوں میں دوپہر تک بند کی جاتی ہیں لیکن بعض علاقوں میں دکانیں علی الصبح کھولی نہیں جاسکی اس لئے انہیں شام تک بھی کھلی رکھا گیا۔ موبائیل فونس اور انٹرنیٹ خدمات 5 اگست کے بعد سے ہنوز معطل رکھے گئے ہیں کیونکہ مرکزی حکومت کے احکامات انہیں معطل رکھنے کے بارے میں ہیں۔