جموں و کشمیر کی حد بندی کا معاملہ پاکستان کی تجویز پر ہندوستان برہم

   

نئی دہلی : ہندوستان نے جموں و کشمیر میں حد بندی کے عمل سے متعلق پاکستان کی قومی اسمبلی میں منظور کردہ قرارداد کو ’’مضحکہ خیز اور قابل مذمت‘‘قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اسے (پاکستان) ملک کے اندرونی معاملوں پر بولنے یا مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے جس نے خود غیر قانونی طور پر زبردستی ہندوستانی سرزمین پر قبضہ کیا ہو۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگَچی نے اپنے بیان میں کہا، ‘‘جموں و کشمیر اور لداخ کا پورا خطہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ رہا ہے اور رہے گا۔ جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حد بندی ایک جمہوری عمل ہے ۔ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ پاکستان اپنے گھر کو منظم کرنے کے بجائے ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مسلسل مداخلت کرتے ہوئے ہندوستانی مخالف پروپیگنڈہ سے باز نہیں آرہا ہے۔