جمہوریت اور دستور کے تحفظ کیلئے کرناٹک حکومت کی بے دخلی ضروری

   


بی جے پی نے نام تبدیلی کے سوا کچھ کام نہیں کیا، گلبرگہ میں خیرمقدمی جلسہ سے ملیکارجن کھرگے کا خطاب

گلبرگہ۔ 11؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ کرناٹک کی موجودہ حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہاں بی جے پی نے غیر قانونی طور پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو خریدتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ہے۔ انھوں نے ریاستی حکومت کی برسر اقتدار جماعتپر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیڈر تمام پروجیکٹوں کے لئے 40فی صد کمیشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں کے تبادلوں، ترقی کے معاملہ میں بھی ہر محکمہ میں رشوت خوری کی شکایات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم جمہوریت اور دستور ہند کا اسی وقت تحفظ کرسکتے ہیں جب ہم اس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کردیں گے۔ کھرگے نے کہا کہ بی جے پی نے علاقہ حیدر آباد کرناٹک کا نام تبدیل کرکے اسے کلیان کرناٹک میں بدلنے کے سوا علاقہ کی ترقی کے لئے کوئی کام نہیں کیا۔سابق چیف منسٹر سدرامیا نے اس موقع پر کہاکہ چیف منسٹر بسواراج بومائی غلط بیانی کے لئے مشہور ہیں۔ سدرامیا نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ ریاست میں اور مرکز میں دونوں جگہ آئندہ کانگریس کواقتدار ملنے والا ہے۔ریاستی صدر کانگریس ڈی کے شیو کمار نے بھی کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کو اقتدار پر لانے کے لئے بی جے پی کو شکست دینا ضروری ہے۔ قبل ازیں شہر گلبرگہ میں نگریشور اسکول تا نوتن ودیالیہ گرائونڈ مسٹر کھرگے کے اعزاز میں گلبرگہ ایر پورٹ پر ان کی10.40بجے دن آمد کے بعد ایک زبردست جلوس نکالا گیا۔ پارٹی کارکنان نے ان کی گل پوشی کرتے ہوئے خیر مقدم کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری و انچارج کانگریسی امور کرناٹک رن دیپ سورج والا صدر کرناٹک پردیش کانگریسکمیٹی ڈی کے شیو کمار، کے پی سی سی کے کارگزار صدر ایشور کھنڈرے نائیب صدر ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل، رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ قمر الاسلام،رکن اسمبلی چیتاپور پریانک کھر۔ رکن اسمبلی جیورگی ڈاکٹر اجئے سنگھ رکن اسمبلی افضل پور ایم وائی پاٹل، صدر ضلع کانگریس کمیٹی انجینئر جگدیو گتہ دار، سلیم احمد اور دیگر قائیدین نے مذکورہ بالا تقریب میں شرکت کی۔ سابق رکن پارلیمنٹ گلبرگہ جناب اقبال احمد سرڈگی، کانگریسی قائدین عبدالعزیز خرادی،ممتاز عوامی خدمت گزار جناب خلیل مسعود، سابق رکن اسمبلی رائیچور جناب سید یٰٰسین،کانگریسی قائد ساجد رنجولوی وغیرہ کے علاوہ کی ایک کانگریسی قائیدین اور کارکنان نے صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی منتخب ہونے کے بعد پہلی بار گلبرگہ آمد پر شری ملیکارجن کھرگے کومبارک باد پیش کی ہے اوراس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ان کی قیادت میں ملک میں کانگریس کو تقویت حاصل ہوگی اور سیکولرازم، جمہوریت اور دستور ہند کو بھی تحفظ حاصل ہوسکے گا۔