حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر دونوں ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرنجن نے الزام عائد کیا کہ منوگوڑ کے ضمنی چناؤ میں دونوں پارٹیوں کی جانب سے دولت اور شراب رائے دہندوں میں بڑے پیمانہ پر تقسیم کرتے ہوئے رائے دہی کے عمل کو متاثر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر عوام ووٹ دینے کیلئے نہیں پہنچے، لہذا بھاری رقومات کا لالچ دیتے ہوئے رائے دہی کی ترغیب دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی سے عوام کی عدم دلچسپی دراصل ٹی آر ایس اور بی جے پی پر ناراضگی کا اظہار ہے۔ نرنجن نے کہا کہ قومی چیانلس پر منوگوڑ میں رائے دہندوں کو لبھانے کی کوششوں کی تفصیلات پیش کی گئی ہے۔ رائے دہندوں میں رقومات کی تقسیم کو چیانلس پر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو موجودہ صورتحال پر شرمندہ ہونا چاہئے تھا لیکن انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا تاکہ عوام کو گمراہ کیا جائے۔ نرنجن نے کہا کہ نریندر مودی قومی سطح پر جبکہ کے سی آر ریاستی سطح پر اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نرنجن نے کہا کہ کے سی آر نے کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی کو بھاری رقومات کے عوض خرید کر ٹی آر ایس میں شامل کیا ہے۔ مودی اور کے سی آر کو ملک کے عوام مناسب سبق سکھائیں گے۔ر