جمہوری نظام کی عدم موجودگی میں عوام کو سخت ترین انتظامی مشکلات کا سامنا: فاروق عبداللہ

   

سری نگر: نیشنل کانفرنس کو جموں وکشمیر کے مفادات کے تحفظ کی علامت قرار دیتے ہوئے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ہل والے جھنڈے کے تلے ہی جموں وکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت، تشخص اور مذہبی ہم آہنگی کی ریت قائم و دائم رہ سکتی ہے ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں مختلف عوامی وفود، پارٹی لیڈران اور عہدیداران سے تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقعے پر کہا کہ جمہوری نظام کی عدم موجودگی میں جموں وکشمیر کے عوام کو اس وقت سخت ترین انتظامی مشکلات کا سامنا ہے اور افسر شاہی لوگوں کو راحت ملتی نظر نہیں آرہی ہے ۔ اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ ہم اس وقت ایک مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں لیکن ہمیں ہر حال میں صبرو تحمل ،ثابت قدم اور پُرعزم رہنے کی ضرورت ہے ، انشائاللہ جموں وکشمیر میں امن، ترقی، خوشحالی اور فارغ البالی کی نئی صبح ضرور طلوع ہوگی۔