جناب عامر علی خاں نے تلنگانہ عازمین حج کے قافلہ کو وداع کیا

   

ملک میں امن و سلامتی کیلئے خصوصی دُعا کی اپیل، عازمین کو صبر و تحمل سے کام لینے مولانا خسرو پاشاہ، جناب احمد شریف اور شاہجہاں باشاہ کا مشورہ
حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین حج کے 19 ویں قافلے کو حج ہاؤز نامپلی سے وداع کیا۔ اِس موقع پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، آندھراپردیش حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور و سابق رکن قانون ساز کونسل جناب احمد شریف، سابق رکن اسمبلی آندھراپردیش جناب شاجہاں باشاہ، صدرنشین آندھراپردیش حج کمیٹی جناب حسن باشاہ اور دونوں ریاستوں کی حج کمیٹی کے عہدیدار موجود تھے۔ عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں نے فریضۂ حج کی ادائیگی کے لئے روانگی پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ اللہ تعالیٰ اپنے مہمانوں کو اپنے گھر کی زیارت کے لئے مدعو کرتا ہے۔ عازمین حج کے ہر قدم پر نیکیاں عطا کی جاتی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ فریضۂ حج کی ادائیگی تک عازمین حج کے ہر قدم پر نیکی لکھی جاتی ہے۔ جناب عامر علی خاں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ دُعاؤں کو اُردو زبان میں ادا کرنے کی کوشش کریں تاکہ بہتر طور پر اللہ کے حضور اپنا مدعا پیش کیا جاسکے۔ اُنھوں نے ہندوستان میں امن و سلامتی اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے خصوصی دُعا کی اپیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کے مسلمان گزشتہ 10 برسوں سے امتحان سے گزر رہے ہیں اور ظالم حکمرانوں کے سبب مسائل کا سامنا ہے۔ ہندوستان میں مسلمانوں کے جو حالات تنگ ہوئے ہیں اُس سے نجات کے لئے خصوصی دُعا کی جائے۔ جناب عامر علی خاں نے ہندوستان کو ظالم حکمرانوں سے نجات اور عوام دوست حکومت کی تشکیل کے لئے خصوصی دُعا کی اپیل کی۔ مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ ایام حج کے دوران صحت کا خاص خیال رکھیں۔ سعودی عرب پہونچنے کے بعد بھی پیدل چلنے کی عادت بنائیں تاکہ ایام حج کے دوران فاصلہ طے کرنے میں دشواری نہ ہو۔ حج کمیٹی کی جانب سے تربیتی کیمپس کے ذریعہ عازمین حج کی ہرممکن رہنمائی کی گئی ہے۔ اُنھوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ بیاگیج میں ممنوعہ اشیاء نہ رکھیں اور واپسی میں سونا اور الیکٹرانک آلات اپنے ساتھ نہ لائیں تاکہ ایرپورٹ پر کلیئرنس میں دشواری نہ ہو۔ صدرنشین حج کمیٹی نے نوجوان عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ضعیف العمر عازمین کی مدد کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین کے ہر قدم پر نیکی اور عبادت کا درجہ ہے۔ ایام حج کے دوران تکالیف کو برداشت کریں اور زیادہ تر وقت عبادات اور دُعاؤں میں صرف کریں۔ جناب احمد شریف مشیر اقلیتی اُمور حکومت آندھراپردیش نے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کی جانب سے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ چیف منسٹر نے مؤثر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ آندھراپردیش سے جملہ 1640 عازمین روانہ ہورہے ہیں جن میں سے 450 بنگلور سے جبکہ باقی حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے۔ اُنھوں نے کہاکہ حج ایک مشقت بھری عبادت ہے لہذا عازمین حج کو ہر لمحہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ سابق رکن اسمبلی جناب شاہجہاں باشاہ نے کہاکہ ہر صاحب استطاعت مسلمان کے لئے زندگی میں ایک مرتبہ فریضۂ حج کی ادائیگی ضروری ہے۔ عازمین حج خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اُنھیں منتخب کیا ہے۔ اُنھوں نے نوجوان عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ایام حج کے دوران قافلے میں موجود ضعیف العمر مرد و خواتین کا بطور خاص خیال رکھیں۔ عرفات اور منیٰ میں عازمین کے لئے صبر و استقامت کا مرحلہ ہوتا ہے۔ جناب عامر علی خاں نے عازمین حج سے فرداً فرداً ملاقات کی اور دُعاؤں کی درخواست کی۔ اُنھوں نے عازمین حج کی خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھاکر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ کیا۔ اِس موقع پر حج کیمپ میں روح پرور مناظر دیکھے گئے اور عازمین احرام کی حالت میں تلبیہ کی گونج میں سفر حج پر روانہ ہوئے۔ سینکڑوں کی تعداد میں عازمین کے رشتہ دار اور دوست احباب وداع کرنے کے لئے موجود تھے۔1