جنا سینا جی ایچ ایم سی انتخابات سے دستبردار بی جے پی کی تائید کا فیصلہ

   

مرکزی وزیر کشن ریڈی اور بی جے پی کے قائدین سے ملاقات کے بعد پون کلیان کا اعلان

حیدرآباد :۔ فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے جنا سینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان نے جی ایچ ایم سی انتخابات سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے بی جے پی کی مکمل تائید و حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں جناسینا پارٹی کے قائد سابق اسپیکر این منوہر کی قیام گاہ پر بی جے پی قائدین کشن ریڈی اور ڈاکٹر لکشمن نے جنا سینا پارٹی کے صدر پون کلیان سے ملاقات کی اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد پون کلیان نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلہ سے دستبردار ہوجانے سے اتفاق کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پون کلیان نے کہا کہ 2014 انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یاد کو تازہ کیا اور بتایا کہ حیدرآباد کے وسیع تر مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو پسند نہ ہونے کے باوجود مقابلہ سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان کے اس فیصلے سے جناسینا پارٹی کے کارکنوں میں ناراضگی اور مایوسی موجود ہے ۔ مگر موجودہ صورتحال میں شہر حیدرآباد کے تحفظ کے لیے بی جے پی کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پون کلیان نے کہا کہ دوباک انتخابات کے بعد جی ایچ ایم سی انتخابات پر تبادلہ خیال کرنے کا منصوبہ تھا ۔ تاہم اچانک انتخابات کا اعلان کردیا گیا ۔
اس لیے ملاقات اور تبادلہ خیال نہ ہوسکا ۔ اس موقع پر ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بی جے پی کو کامیاب بنانے کے لیے انتخابات سے دستبرداری اختیار کی جارہی ہے ۔ پون کلیان نے اس فیصلے سے مایوس نہ ہونے کا پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا ۔ مستقبل میں اسمبلی انتخابات کے لیے روڈ میاپ تیار کرنے کا اعلان کیا ۔۔