نیویارک ۔ 22 ستمبر (ایجنسیز) سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر کئی ملاقاتیں کیں جن میں چار ملکی علاقائی گروپ کے وزراء خارجہ کا چھٹا اجلاس شامل تھا۔ شہزادہ فیصل نے پاکستان، مصر اور ترکیہ کے ہم منصبوں ۔ اسحاق ڈار، بدر عبدالعاطی اور خاقان فیدان ۔ کے ہمراہ ان مذاکرات میں شرکت کی۔سعودی وزارتِ خارجہ نے ایکس پر کہا کہ اجلاس میں علاقائی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے چوگانہ ممالک میں رابطہ اور تعاون مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ اس میں باہمی روابط اور مشاورت بہتر بنانے اور علاقائی بحرانوں کے اثرات کم کرنے اور سلامتی و استحکام برقرار رکھنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ شہزادہ فیصل نے ‘آٹھ عرب۔ اسلامی ممالک کے گروپ’ کے وزراء خارجہ کے رابطہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ وزارت نے ‘ایکس’ پر ایک بیان میں کہا کہ اجلاس میں غزہ کی پٹی میں شدید ابتر انسانی حالات اور مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر بات کی گئی۔ اس پر بھی غور کیا گیا کہ بین الاقوامی فورمز پر فلسطینی عوام اور ان کے منصفانہ مقصد کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی حمایت کو متحرک کرنے کی کوششوں اور موقف کو کن طریقوں سے یکجا کیا جا سکتا ہے۔