جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے جاری،4 افراد ہلاک

   

بیروت : لبنان کے جنوبی علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔لبنان کی وزارت صحت کی جانب سے ایک تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقوں پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے بدستور جاری ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوب میں واقع قصبے آیتہ الشعب میں جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ملک کے جنوب میں قانا قصبے پر حملے میں ایک شامی شہری ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا۔اسرائیلی فوج نے پیر 23 ستمبر سے لبنان کے جنوبی شہروں کے ساتھ ساتھ بقہ اور بعلبیک کے علاقوں پر سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔لبنان کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، پیر تک اسرائیل کے بڑھتے ہوئے فضائی حملوں میں 654 افراد ہلاک ہوئے جن میں 23 شامی بھی شامل ہیں۔لبنان کے وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے ملک میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ کے قریب پہنچ رہی ہے۔ملک کے جنوبی علاقوں سے دارالحکومت بیروت اور شمالی علاقوں کی طرف نقل مکانی کی لہر بدستور جاری ہے۔